Tuesday, December 16, 2008

ڈیڑھ ہزار عامر اور دو لاکھ کے باؤنسر!

عامرخان
عامر خان کی فلم گجھنی کے آنے سے پہلے ہی زبردست تذکرے ہیں

ڈیڑھ ہزار عامر
ملک کے کئی ملٹی پلیکس سنیماگھروں میں جب لوگ’رب نے بنا دی جوڑی‘ فلم دیکھنے پہنچے تو عامر کی فلم گجنی کے ہیئر سٹائل میں انہیں کئی لوگ نظر آئے۔ پورے ملک میں ڈیڑھ ہزار ایسے ’عامر‘ ملٹی پلیکس کی ٹکٹ کھڑ کیوں سے لیکر سنیما گھر میں ٹکٹ چیکر اور کینٹین بوائے تک عامر کی فلم کی پبلیسیٹی کرتے نظر آئے۔ اور لوگ شاہ رخ کی فلم رب نے بنا دی جوڑی کو بھول کر عامر کی فلم گجنی کی باتیں کرنے لگے۔ عامر پبلیسٹی کا انداز تو نیا اور نرالا ہے لیکن ہمیں ڈر ہے کہ شاہ رخ اسے اچھے انداز میں نہیں لیں گے۔ ارے بھئی آپ نے تو کنگ خان کی حدود میں ہی قدم رکھ دیا۔

تین کروڑ کا گیت

سلمان کی فلم ویر جلدی آنے والی ہے

اقتصادی مندی نے بالی وڈ پر اثر ڈالا ہے اس لیے کئی فلموں کا بجٹ متاثر ہوا ہے۔ خبریں یہی ہیں لیکن ہم یقین کیسے کریں کیونکہ ابھی تو سلمان خان کی فلم’ویر‘ کا ایک گیت محبوب سٹوڈیو میں فلمایا گیا جس پر تین کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ فلم کی کہانی بھی سلمان خان نے لکھی ہے۔ سلمان گیت فلمانے پر تین کروڑ روپے لگیں یا چار، لیکن اب ایک ہٹ فلم کی اشد ضرورت ہے، یہ ہم نہیں آپ کے سارے پرستار کہہ رہے ہیں۔

پانچ سو پچپن
نا! ہم کسی سگریٹ کا برانڈ نہیں بتا رہے بلکہ یہ نمبر دراصل شاہ رخ خان کا لکی نمبر ہے۔ خان کی کار کا نمبر بھی یہی ہے اور تو اور خان کے ملازمین کو جو موبائیل دیے گئے ہیں ان میں بھی پانچ سو پچپن نمبر ہونا ضروری ہے اس کے لیے خان ہمیشہ موبائل کمپنی سے ایسا ہی نمبر مانگتے ہیں۔ سٹارز کتنے توہم پرست ہوتے ہیں یہ کوئی راز کی بات نہیں ہے۔

شاہ رخ کا لکی نمبر 555 ہے

کیا آپ جانتے ہیں کہ امیتابھ بچن گیارہ نمبر کو اپنے لیے لکی مانتے ہیں سنجے دت کا لکی نمبر فور فائو فور فائی ہے اور ایشوریہ رائے اور فلمساز فیروز نڈیاڈوالا وہ کرنسی نوٹ جمع کرتے ہیں جس پر سات سو چھیاسی لکھا ہوتا ہے؟

نئے سال کاجشن
نئے سال کے موقع پر بپاشا باسو اور قطرینہ کیف ہوٹل میں رقص کرنے والی تھیں لیکن اب نہیں کریں گی۔ لوگوں نے کہا کہ وہ ان حملوں سے دکھی تھیں اس لیے انکار کر دیا ہے۔ بہت خوب لیکن پھر خبر آئی کہ سیلینا جیٹلی لندن اور ملائکہ ارورہ خان سنگاپور رقص کرنے جا رہی ہیں۔ لوگوں نے سیلینا پر اعتراض کیا تو سیلینا کہاں چپ بیٹھنے والی تھیں راز کھول دیا کہ جو ہیروئینیں ممبئی کے ہوٹلوں میں رقص کرنے والی تھیں اس کے لیے انہوں نےمنع نہیں کیا بلکہ ہوٹلوں نے ہی پروگرام منسوخ کر دیا کیونکہ لوگ ڈر کی وجہ سے اس رات شہر کے فائیو سٹار ہوٹلوں میں جشن منانے سے کترا رہے ہیں۔

ممبئی کا خوف

ملکہ شہراوت بغیر گارڈز گے باہر نہیں نکتلی ہیں

اب تک سنا تھا کہ صرف ملکہ شیراوت ہی ایسی واحد اداکارہ ہیں جو بغیر باؤنسرز کی فوج کےگھر سے نہیں نکلتی ہیں لیکن اب ایک اور ہیروئین نے اسی نقش قدم پر چلنا شروع کر دیا ہے۔ آپ جانتے ہیں ماڈل لزا لیزارس کو؟ نہیں تو جان جائیے کیونکہ وہ اب سلمان کی فلم’ویر‘ کی ہیروئین بھی ہیں۔ خیر جب وہ ممبئی ایئر پورٹ پہنچیں تو انہوں نے ایئر پورٹ سے باہر نکلنے سے انکار کر دیا۔ وجہ ؟ ان کا مطالبہ تھا کہ پہلے انہیں باؤنسر مہیا کیئے جائیں۔ مرتا کیا نہ کرتا فلمساز نے چار باؤنسرز ایئر پورٹ بھیجے جن کا خرچ دو لاکھ روپے بتایا جاتا ہے تب جا کر میڈم نے ممبئی کی سرزمین پر قدم رکھا۔

جان دی سیکسئیٹ

جان ابراہم سیکسیئٹ مین ہیں

فلم دوستانہ میں ’ گے‘ کردار نبھاتے ہوئے جان نے صرف انڈروئیر میں جو پوز دیے ہیں اس کی وجہ سے وہ ہم جنس پرستوں کے آئیکون تو بن ہی گئے ہیں اب لندن کی ایشیائی ہفتہ وار میگزین ’ایسٹرن آئی‘ کے جانب سے انہیں یہ خطاب مل گیا ہے۔

دو فلمیں ایک موضوع اور ایک ہی لوکیشن
ایسا کیسے ہو سکتا ہے؟ یہ سوال اگر آپ بالی وڈ کی فلموں کے لیے پوچھیں گے تو بے معنی ہی لگیں گے۔ ارے بھئی ہوتا ہے۔ لوگ ایک دوسرے کی دھنیں، کہانی، سب کچھ چرا لیتے ہیں۔ خیر ہم یہاں نئے انداز کے نقل کی بات کر رہے ہیں۔ خبریں ہیں کہ آدتیہ چوپڑہ اور کرن جوہر دونوں ہی ہالی وڈ فلم’ آرلنگٹن روڈ ‘ کی کہانی پر فلم بنا رہے ہیں۔ یعنی موضوع ایک ہی ہوا لیکن حد تو تب ہوئی جب نیویارک اور فلاڈلفیا میں دونوں نے ایک ہی ہوٹل میں اپنی شوٹنگ بھی کی۔

پاپا کے نقش قدم پر
زویا اختر اب اپنے پاپا کے نقش قدم پر چلنے کی تیاری کر رہی ہیں۔ جی ہاں وہ اپنے پاپا جاوید اختر کی طرح نغمہ نگار بن گئی ہیں۔وہ موسیقار آدیش شریواستو کی میوزک البم ’ساؤنڈ آف پیس‘ کے لیے گیت لکھ رہی ہیں اور ان کا لکھا نغمہ امریکی پاپ گلوکارہ ریحانہ گائیں گی۔

عامر نے سلو کی نقل کی



عامر نے سلمان خان کی نقل کی۔ کسرتی جسم بنانے کے لیے نہیں بلکہ ایک ٹی شرٹ پہنا جس پر لکھا تھا ’بینگ ہیومن ‘ اب آپ کہیں گے اس میں نقل کی کون سی بات ہے ؟ تو ہم بتا دیں کہ سلمان خان یہ ٹی شرٹ ہمیشہ پہنتے ہیں کیونکہ یہی ان کی سماجی تنظیم کا نام ہے جس کے تحت وہ غریبوں کی مالی امداد کرتے ہیں۔

سنجے کی پسند مانیتا کے ہاتھ میں
سنجے دت کی لگاتار کئی فلاپ فلموں کے بعد اب ’مانیتا بھابھی‘ نے ان کی فلموں کےانتخاب کی ذمہ داری لے لی ہے۔ بالی وڈ گلیاروں میں خبریں گشت کر ہی ہیں کہ اب مانیتا یہ دیکھیں گی کہ سنجے کون سی فلم سائن کریں اور کون سی فلم کے لیے انکار کریں۔ بے بی کیا واقعی آپ کو اس کا صحیح شعور ہے؟ ہمیں تو لگتا ہے کہ یہ فیصلہ اگر آپ نے اپنے فلمی کریئر میں کیا ہوتا تو شاید آپ کسی فلم میں کام کر رہی ہوتیں۔

No comments:

Post a Comment