Tuesday, December 16, 2008

وزیرستان: میزائل حملہ، دو ہلاک

حال میں امریکی میزائل حملوں میں اضافہ ہوا ہے
پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ہونے والے ایک امریکی میزائل حملے میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے اہلکاروں نے ہمارے نامہ نگار دلاور وزیر خان کو بتایا کہ پیر کی شب شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ کے قریب تبئی طول خیل گاؤں میں ایک گھر پر حملہ کیا گیا۔

مقامی انتظامیہ کے اہلکاروں کے مطابق اس میزائل حملے میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں لیکن کسی غیرملکی شدت پسند کی ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے مقامی افراد ہیں۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اس علاقے میں غیرملکی موجود ہیں یا نہیں۔

ہمارے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ تین مہینوں میں شمالی اور جنوبی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیاروں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ ماہ شمالی وزیرستان میں ایک میزائل حملے میں چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ان میں برطانیہ کو مطلوب پاکستانی نژاد برطانوی شہری راشد رؤف کی ہلاکت کی اطلاعات بھی تھیں لیکن حکومتی سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی۔

No comments:

Post a Comment